ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین الیکشن: اپوزیشن کی طرف سے منوج جھا ہوں گے مشترکہ امیدوار

راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین الیکشن: اپوزیشن کی طرف سے منوج جھا ہوں گے مشترکہ امیدوار

Thu, 10 Sep 2020 21:16:53    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آئندہ 14 ستمبر کو راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے انتخاب ہونے والا ہے، اور اس عہدہ کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے منوج جھا کو مشترکہ امیدوار بنایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آر جے ڈی لیڈر منوج جھا کو اپوزیشن پارٹیوں نے جمعرات کے روز ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے مشترکہ امیدوار منتخب کیا اور جمعہ کو وہ مختلف اپوزیشن پارٹی لیڈروں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ این ڈی اے کی جانب سے جنتا دل یو لیڈر ہری ونش نارائن سنگھ کو راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے امیدوار بنایا گیا ہے۔ گویا کہ اس بار اس عہدہ کے لیے بہار کی دو اہم پارٹیوں آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ چونکہ جلد ہی بہار میں اسمبلی انتخاب کا بگل بجنے والا ہے، اس لیے راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین عہدہ کے لیے ہونے والے الیکشن میں بھی لوگوں کی دلچسپی کافی بڑھ گئی ہے۔

بہر حال، میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، ایوان میں کانگریس کے چیف وہپ جے رام رمیش اور ترنمول کانگریس، بایاں محاذ، ڈی ایم کے، عآپ اور کچھ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران جمعہ کو اس وقت موجود رہیں گے جب منوج جھا اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ کانگریس نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ راجیہ سبھا ڈپٹی چیئرمین عہدہ کو بلامقابلہ نہیں جانے دے گی، غالباً اسی لیے منوج جھا کو اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے بطور مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔


Share: